
کشمیر کیلئے قوم 14اگست سے زیادہ جذبے سے باہر نکلی
یہ لوگ آزاد کشمیر کیلئے نہیں بلکہ مقبوضہ کشمیر کیلئے باہر نکلے، ایل اوسی پر پوری فوج الرٹ کھڑی ہے۔سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود کا تبصرہ
سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا ہے کہ جمعے کو پوری قوم 14اگست سے زیادہ جذبے کے ساتھ باہر نکلی، یہ لوگ آزاد کشمیر کیلئے نہیں بلکہ مقبوضہ کشمیر کیلئے باہر نکلے،ایل اوسی پر پوری فوج الرٹ کھڑی ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایل اوسی پر پوری فوج الرٹ کھڑی ہے، قوم بھی الرٹ کھڑی ہے، جمعے کو پوری قوم باہر نکلی، قوم 14اگست سے زیادہ جذبے کے ساتھ باہر نکلی، عورتیں، بچے سب کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کر رہے تھے۔یہ لوگ آزادکشمیر کیلئے نہیں بلکہ مقبوضہ کشمیر کیلئے باہر نکلے ہیں۔ کرفیو اٹھتا ہے اور لوگ سڑکوں پر آتے ہیں تواس کی تیاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سارے واقعے کو2002ء سے ملائیں توپتا چلتا ہے وہی صورتحال ہے جب ایک وقت میں مشرقی اور مغربی سرحدیں کھول دیں ۔
افغانستان میں مذاکرات رک گئے ہیں،پاکستان پر الزام لگایا کہ ساتھ نہیں دے رہا۔جبکہ پاکستان نے بھرپور ساتھ دیا۔ ایک وقت تھا کہ امریکا کی دم کے ساتھ پہلے اسرائیل تھا اب بھارت بھی چپکا ہے۔ اسی طرح سینئر تجزیہ کار ایاز میر نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں سے کچھ نہیں ہوا تو اب کیا ہوگا ؟ یہ مسئلہ جواہر لعل نہرو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل لے کر گئے تھے۔ ان قراردادوں سے کچھ نہیں ہوا تو اب سلامتی کونسل سے کیا ہوگا؟ جبکہ ابھی تک سلامتی کونسل کی طرف سے کوئی بیان تک نہیں آیا۔ سینئر تجزیہ کار ایاز میر نے کہا کہ ہمیں کشمیریوں کے اظہار یکجہتی کیلئے جمعے کے روز باہر نکلنا چاہیے کیونکہ اس کے بغیر کشمیر آزاد نہیں ہوگا۔

























